جرمن ادیب ہنرخ بوئل 21 دسمبر1917ء کو جرمنی کے شہر بون میں پیدا ہوئے۔ انہیں اپنے گھریلو حالات کے سبب سکول اور کالج میں باقاعدہ تعلیم حاصل کرنے کا موقع میسر نہ آسکا، مگر دانش و بینش مدرسوں کی محتاج کہاں ہوتی ہے۔ بطور ادیب انہوں نے اپنے عہد کو فنکارانہ چابک دستی کے ساتھ اپنی تحریروں میں پیش کیا۔ علامتی سطح پر ان کی کہانیاں اور ناول پوری انسانیت کے ترجمان سمجھے جاتے ہیں۔ معاشرے کے گرے پڑے ، کم مایہ اور بے سایہ لوگ ان کا خاص موضوع رہے ہیں۔ ان کی شخصیت میں انسان دوستی اور اخلاص ایک غالب عنصر تھا۔ باشعور قاری کو ان کی تحریریں پڑھتے ہوئے اس کا احساس قدم بہ قدم ہوتا ہے۔ ہنرخ بوئل کے حصے میں یہ اعزاز بھی آیا ہے کہ انہوں نے جرمن ادب کا احیاء کیا اور اسے بین الاقوامی ادب کے مقابل لا کھڑا کیا۔ انہیں اعلیٰ ادبی خدمات کے اعتراف میں 1972ء کے نوبل ادبی انعام کا حقدار قرار دیا گیا ۔